کراچی ( کامرس ڈیسک) عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ ہی چاندی کے نرخ بھی بڑھ گئے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں منگل کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں چھیالیس ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی عالمی قیمت چار ہزار سات سو چھیہتر ڈالر فی اونس ہو گئی۔عالمی رجحان کے زیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں بھی چوبیس قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں چار ہزار چھ سو روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس سے نئی قیمت چار لاکھ ننانوے ہزار نو سو باسٹھ روپے فی تولہ تک پہنچ گئی۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں تین ہزار نو سو تینتالیس روپے کا اضافہ ہوا اور یہ چار لاکھ انتیس ہزار چھ سو چھتیس روپے کی سطح پر آ گئی۔سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، فی تولہ چاندی تین سو چھبیس روپے مہنگی ہو کر آٹھ ہزار دو سو ساٹھ روپے جبکہ دس گرام چاندی دو سو اناسی روپے اضافے کے بعد سات ہزار اکیاسی روپے ہو گئی۔واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتے اور پیر کے روز سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم اب مارکیٹ میں ایک بار پھر تیزی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔