اسلا م آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی اداروں کے بہار اجلاس کے موقع پر موڈیز کے نمائندگان سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ رسائی کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا۔ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے یورو بانڈ کی ادائیگی کامیابی سے مکمل کر لی ہے اور تمام قرض دہندگان کی ذمہ داریاں بروقت ادا کی جا رہی ہیں، جبکہ سعودی عرب کی مالی معاونت بیرونی مالی پوزیشن کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کے باوجود پاکستان نے گزشتہ سال کے مقابلے میں کھاد کے زیادہ ذخائر محفوظ رکھے، جو کاشت کے اہم سیزن میں زرعی شعبے کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔وزیرِ خزانہ نے عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کے لیے درمیانی مدت کی حکمتِ عملی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے توانائی کے شعبے میں حکومتی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ سپلائی نظام کو محفوظ بنانے، مکمل قیمتوں کی منتقلی اور کمزور طبقات کے لیے ہدفی ڈیجیٹل سبسڈی جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے موڈیز کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
یورو بانڈ ادائیگی مکمل، عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کی تیاری تیز
4 گھنٹے قبل