اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان مشروط دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔خبر رساں اداروں کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں سولہ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد فی بیرل قیمت چورانوے ڈالر تک آ گئی ہے۔اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور یہ پچانوے ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کے باوجود قیمتیں اب بھی اس سطح سے زیادہ ہیں جہاں تنازع شروع ہونے سے قبل فروری کے آخر میں تیل تقریباً ستر ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث تیل اور گیس کی فراہمی متاثر ہوئی تھی، خصوصاً ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر حملوں کی دھمکی کے بعد توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔