اداکارہ تریشا کرشنن کے گھر بم کی دھمکی، پولیس کی دوڑ یں لگ گئیں

12 گھنٹے قبل
اداکارہ تریشا کرشنن کے گھر بم کی دھمکی، پولیس کی دوڑ یں لگ گئیں

ممبئی( شوبز ڈیسک)جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ تریشا کرشنن کے چنئی میں واقع گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس سے شوبز حلقوں میں تشویش پھیل گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تمل ناڈو کے پولیس کنٹرول روم کو ایک ای میل موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ کی رہائش گاہ کے ساتھ ساتھ بنگلادیش کے نائب سفارتی نمائندے کے گھر پر بھی بم نصب کیے گئے ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ناکارہ بنانے والے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں مقامات کا گھیراؤ کیا اور مکمل تلاشی لی، تاہم بعد ازاں یہ دھمکی بے بنیاد اور جھوٹی ثابت ہوئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں اس نوعیت کی جعلی ای میلز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جن میں معروف شخصیات کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے جاتے ہیں، تاہم اب تک تمام اطلاعات غلط ثابت ہوئی ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے کہ 43 سالہ تریشا کرشنن کا شمار جنوبی بھارت کی مہنگی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جبکہ اس سے قبل رجنی کانت اور دھنوش جیسے بڑے فنکاروں کو بھی اسی نوعیت کی جھوٹی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔دوسری جانب اداکارہ حالیہ دنوں ایک اور وجہ سے بھی خبروں میں ہیں، جب ان کی اداکار وجے کے ساتھ ایک شادی کی تقریب میں موجودگی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس کے بعد دونوں کے تعلق سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔