معاہدہ توڑنے پر مزارابانی پر دو سال کی پابندی

1 دن قبل
معاہدہ توڑنے پر مزارابانی پر دو سال کی پابندی

لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مزارابانی کو معاہدے کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے اگلے دو ایڈیشنز میں شرکت کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ پی ایس ایل کے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر کیا گیا، جہاں کرکٹر متفقہ شرائط کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ کرکٹ اعتماد اور معاہدوں کی پابندی پر قائم ہوتی ہے اور کسی بھی کھلاڑی کے لیے طے شدہ شرائط سے انحراف ناقابل قبول ہے۔بیان میں کہا گیا کہ معاوضے اور دیگر امور پر تحریری طور پر اتفاق کے بعد اس کی پاسداری لازم ہوتی ہے، اور بغیر کسی ٹھوس وجہ کے اس سے پیچھے ہٹنا پیشہ ورانہ اصولوں اور نیک نیتی کی خلاف ورزی ہے۔بورڈ نے واضح کیا کہ اخلاقی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دو سالہ پابندی خلاف ورزی کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔ذرائع کے مطابق مزارابانی نے رواں سیزن میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے بھارتی لیگ کے ساتھ معاہدہ کر لیا، جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایک غیر ملکی کرکٹر کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی پر اسی نوعیت کی کارروائی کی جا چکی ہے۔