ایران کی بحری ناکہ بندی پر اسرائیل کی حمایت، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

2 دن قبل
ایران کی بحری ناکہ بندی پر اسرائیل کی حمایت، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

وا شنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے امریکا کے صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کے فیصلے کی مکمل حمایت کا یقین دلا دیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے پیر کے روز کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اس معاملے پر امریکا کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کے مؤقف کی مکمل تائید کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان سے واپسی پر ایران کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا جو کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران نے پاکستان میں ہونے والے امن مذاکرات کے اصولوں کی خلاف ورزی کی جس کے بعد صدر ٹرمپ کا بحری ناکہ بندی کا فیصلہ درست اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اس معاملے پر امریکا کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور آئندہ لائحہ عمل پر بھی مشاورت جاری ہے۔دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلیجی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی ناکہ بندی کا آغاز پیر کے روز امریکی وقت کے مطابق صبح دس بجے کیا جائے گا۔امریکی صدر کے مطابق اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو کنٹرول کرنا ہے جو عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا نہایت اہم راستہ ہے۔ادھر ایران نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب کسی بھی فوجی جہاز کی موجودگی کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور اس کے خلاف سخت ردعمل دیا جائے گا، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔