ممبئی( شوبز ڈیسک)بھارت کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کے انتقال کے بعد ان کی آخری رسومات میں ملک بھر کی نامور شخصیات نے شرکت کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔آشا بھوسلے 12 اپریل 2026 کو 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں جس کے بعد فلمی دنیا میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہو گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان کا انتقال ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں متعدد اعضا کے ناکارہ ہونے کے باعث ہوا۔گلوکارہ کے بیٹے آنند بھوسلے نے بتایا کہ ان کی آخری رسومات 13 اپریل کو شیواجی پارک میں ادا کی گئیں جبکہ اس سے قبل ان کی رہائش گاہ پر مداحوں کے لیے آخری دیدار کا اہتمام کیا گیا۔آخری رسومات میں مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ، وزرا، اراکین اسمبلی، کھلاڑیوں، فنکاروں اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور ان کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی۔بالی ووڈ کی معروف شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات کے ذریعے آشا بھوسلے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ان کی آواز بھارتی سنیما کا ایک مضبوط ستون تھی جو ہمیشہ گونجتی رہے گی۔ سنجے دت نے انہیں جذبات اور یادوں کا حسین امتزاج قرار دیا۔مادھوری ڈکشت نے ان کے انتقال کو ایک عہد کا خاتمہ کہا جبکہ انوشکا شرما نے انہیں ایسی آواز قرار دیا جو نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔ سنیل شیٹھی نے کہا کہ کچھ آوازیں زندگی کا حصہ بن جاتی ہیں اور آشا بھوسلے بھی انہی میں شامل تھیں۔ شریا گھوشال کے مطابق آج موسیقی کی دنیا ایک عظیم آواز سے محروم ہو گئی۔آشا بھوسلے ستمبر 1933 میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے بطور پلے بیک گلوکارہ، اداکارہ اور مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، ان کی آواز دہائیوں تک سامعین کے دلوں پر راج کرتی رہی اور وہ موسیقی کی دنیا کا ایک درخشاں نام رہیں گی۔