اسلام آباد( کامرس ڈیسک) عالمی ای کامرس کمپنی علی بابا کی پاکستان میں شمولیت کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے اس کی ذیلی کمپنی کوکو ٹیک کو لائسنس جاری کر دیا۔ایس ای سی پی کے مطابق کوکو ٹیک پاکستان کو نان بینکنگ مالیاتی کمپنی کا لائسنس دیا گیا ہے، جس کے تحت یہ ملک میں خریداری کے بعد ادائیگی کی سہولت فراہم کرے گی۔اس سروس کے ذریعے صارفین ای کامرس مارکیٹ سے اشیا آسان قسطوں پر خرید سکیں گے، جس سے ڈیجیٹل تجارت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔اعلامیے کے مطابق علی بابا پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری بھی کرے گی، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بڑی صارف مارکیٹ اور تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نوجوانوں، فری لانسرز اور چھوٹے کاروباروں کو مالی سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔