انیس سو تہتر کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی روشن علامت ہے: وزیراعظم

2 گھنٹے قبل
انیس سو تہتر کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی روشن علامت ہے: وزیراعظم

اسلام آباد ( اباسین خبر) یوم دستور کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اقوام عالم میں سر فخر سے بلند کیے ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ آج قوم آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبے کے ساتھ منا رہی ہے اور اس موقع پر دستور کے معماروں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق آئین عوام اور ریاست کے درمیان ایک مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دس اپریل انیس سو تہتر کو منظور ہونے والے متفقہ آئین نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام اور مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آئین ملک کے تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا محافظ ہے اور ان حقوق کی فراہمی کے لیے واضح قانونی راستہ فراہم کرتا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انیس سو تہتر کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی روشن علامت ہے، جہاں تمام اکائیاں قومی یکجہتی اور معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ اتفاق اور یکجہتی اللہ تعالیٰ کے خاص فضل کا مظہر ہے اور پاکستان اسی جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھتا رہے گا۔