لاہور ( سپور ٹس ڈیسک) سول سوسائٹی فورم کے ترجمان پروفیسر اسحاق میو اور ایشین ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں مختلف میڈلز جیتنے والے قومی ہیرو یاسر سلطان نے اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے 2023کے اعلان پر عملدرآمد کریں اور یاسر سلطان کے لیے انعام کی رقم فوری طور پر ادا کی جائے۔ یاسر سلطان نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے 2023میں میڈل جیتنے پرمجھے 50لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا، مگر ایک سال گزرنے کے باوجود ابھی تک مجھے وہ انعامی رقم نہیں ملی۔ میرا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے، اور میں اپنے والدین کا سہارا بننے کے بجائے انہیں کوئی سکھ نہیں دے پا رہا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ میرے لیے اعلان کردہ انعام پر عملدرآمد کریں اور 50لاکھ روپے کی انعامی رقم مجھے فوری ادا کریں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے بیرون ممالک سے بھی پیشکشیں موصول ہوئی ہیں کہ میں ان ممالک کی طرف سے کھیلوں، مگر میں ایک محب وطن اور سچا پاکستانی ہوں میں نے ان تمام پیشکشوں کو قبول کرنے سے انکار کیا ہے کیونکہ میں اپنے وطن کی مٹی سے بے وفائی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پاکستانیوں کو خوشیاں دینے والے بھائی ندیم ارشد کو بھرپور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔سول سوسائٹی فورم کے ترجمان پروفیسر اسحاق میو نے کہا کہ بیوروکریسی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے احکامات کو نظرانداز کر دیا ہے جبکہ یاسر سلطان، جو ایشین ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں مختلف میڈلز جیت چکے ہیں، تاحال 50لاکھ انعام کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ اعلان کردہ انعامی رقم قومی ہیرو یاسر سلطان کو ادا کریں تاکہ وہ ملک و قوم کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کر سکے۔
شہبازشریف انعام دینے کا وعدہ پورا کریں’ قومی ہیرو یا سر سلطان
58