کوئٹہ ( اباسین خبر)بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو بلوچستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی تھی تاکہ وہ صوبے کے زمینی حقائق کا مشاہدہ کریں اور صورتحال کا براہ راست جائزہ لیں۔ تاہم، انہوں نے اس دعوت کو قبول کرنے کی بجائے سیاسی انتشار پر مبنی بیانیہ اپنانا جاری رکھا، جس سے ان کی غیر ذمہ داری اور آئینی منصب سے ناواقفیت ظاہر ہوئی۔شاہد رند نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے اپوزیشن لیڈر سے تفصیلی بات چیت کی اور انہیں ہر ممکن سہولت اور سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بلوچستان حکومت نے انہیں تمام اضلاع کا دورہ کرانے کی پیشکش کی تھی تاکہ وہ حقیقت کا جائزہ لے سکیں، لیکن اس موقع پر عمر ایوب نے الزامات کی سیاست کو ترجیح دی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمر ایوب نے نان ایشوز کو ایشو بنا کر واضح کر دیا کہ وہ بطور اپوزیشن لیڈر اپنے آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام ہیں۔ بلوچستان حکومت الزامات کی سیاست سے گریز کرنا چاہتی ہے، مگر یہ حقیقت ہے کہ خیبرپختونخوا میں جہاں ان کی جماعت 10 سال سے حکمرانی کر رہی ہے، وہاں امن و امان کی صورتحال کسی سے پوشیدہ نہیں۔شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کئی مرتبہ ملک کے حقیقی مسائل، بشمول امن و امان، پر مشاورت اور مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، اور بلوچستان حکومت اس مسئلے کے حقیقی حل کے لیے تیار ہے۔ اگر عمر ایوب واقعی اس مسئلے کے حل میں سنجیدہ ہیں، تو ان کے لیے کوئٹہ کے دورے کی دعوت ابھی بھی برقرار ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے قومی شاہراہوں کی بندش کے مسئلے پر اعلی سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں اس معاملے پر تفصیلی غور کیا جائے گا اور مسئلے کا مستقل اور موثر حل نکالنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور تمام فریقین کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ محض بیانات دینے سے مسائل حل نہیں ہوتے، ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں اور حکومت بلوچستان اس حوالے سے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔شاہد رند نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت ایک متوازن اور حقیقت پر مبنی حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے، اور اپوزیشن جماعتوں کو بھی عملی طور پر مسائل کے حل میں سنجیدگی دکھانی چاہیے۔ الزامات کی سیاست سے گریز کرتے ہوئے عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے۔
عمرایوب کو بلوچستان کے ہر ضلع کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں ،بلوچستان حکومت
3