راولپنڈی( اباسین خبر)پی ٹی آئی رہنمائوں کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہو سکی۔عمر ایوب، گوہر ایوب، اسد قیصر، جنید اکبر، حامد رضا سمیت تمام رہنما ملاقات کیے بغیر اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔ اس دوران اڈیالہ جیل اور اس کے گرد و نواح میں بارش بھی جاری رہی، جبکہ خیبر پختونخوا کے وزیر سہیل آفریدی، عاقب اللہ اور دیگر صوبائی وزرا بھی واپس روانہ ہوگئے۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک گھنٹے تک اڈیالہ جیل کے باہر کھڑے رہے مگر ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ملاقات عدالتی احکامات پر ہونی تھی، بانی پی ٹی آئی نے خود 6 پارٹی رہنماں کے نام دیئے تھے۔عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج ہمارے ساتھ ملنا چاہتے تھے، مگر جیل انتظامیہ نے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ جنید اکبر، حامد رضا، کنول شوذب، تیمور جھگڑا اور میں ملنے آئے تھے، مگر ہمیں بارش میں کھڑے ہونے کے باوجود ملاقات کی اجازت نہ ملی۔انہوں نے مزید کہا کہ جیل ٹرائل کی سماعتوں کی تاریخیں بار بار بڑھا دی جا رہی ہیں۔ میری چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات ہوئی تھی اور میں نے ان کے سامنے پوری صورتحال رکھی تھی۔ ماتحت عدالتیں مسلسل لمبی تاریخیں دے رہی ہیں، اور میں نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ آج اپوزیشن نے آئین اور قانون کی حکمرانی کے بارے میں بات کی ہے، اور ن لیگ و پیپلز پارٹی کو کمپرومائزڈ اور فارم 47 والے لوگ قرار دیا۔
ایک گھنٹہ اڈیالہ جیل کے باہر کھڑے رہے، بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی: عمر ایوب
3