لاہور( سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے چیمپئینز ٹرافی سے باہر ہونے کی وجہ قومی ٹیم میں “کپتانی” کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کو قرار دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امام الحق نے الٹرا ایج پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کپتانی کے معاملے پر اختلافات ہیں اور کھلاڑی ایک دوسرے سے لڑرہے ہیں۔امام الحق نے محمد رضوان کو بطور لیڈر منتخب کیا، ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان نہ صرف ٹیم کے لیے ہوٹل کا انتظام کرتے ہیں بلکہ نماز کے لیے بھی تمام کھلاڑیوں کو اکٹھا کرتے ہیں، اس مقصد کے لیے انہوں نے واٹس ایپ گروپ بھی بنایا ہوا ہے۔اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ چیمپئینز ٹرافی کے شروع ہونے سے پہلے محمد رضوان اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید کے درمیان اختلافات تھے، اور دونوں نے ایک دوسرے کے فیصلوں کے برخلاف حکمت عملی ترتیب دی۔ اس کے علاوہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اسکواڈ پر دو بار نظرثانی کی درخواست کی تھی، لیکن ان کے مشوروں کو نظرانداز کیا گیا۔پی سی بی حکام کو بابر اعظم کی فارم پر بھی تشویش لاحق ہے، کیونکہ وہ پچھلے ایک سال سے غیر معمولی پرفارم نہیں کر پائے ہیں۔ عاقب جاوید اور دیگر سلیکٹرز اب بھی اپنے فیصلوں پر قائم ہیں، جبکہ قومی ٹیم نے ایونٹ میں نیوزی لینڈ اور بھارت سے شکست کھائی، جس سے شائقین کرکٹ کے درمیان غم و غصہ بڑھ گیا ہے۔
چیمپئینز ٹرافی سے باہر ہونے کی وجہ “کپتانی” کا جھگڑا نکلی
4