کوئٹہ ( اباسین خبر)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بدھ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں بلوچستان ایوی ایشن ونگ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایوی ایشن ونگ کی تنظیم نو، فعالیت اور اس کے عوامی فلاحی استعمال کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایوی ایشن ونگ بلوچستان کیپٹن علی آزاد نے اس موقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان ایوی ایشن ونگ کو نہ صرف وی آئی پی موومنٹ بلکہ ہنگامی صورتحال، ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز میں بھی استعمال کیا جائے گا۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت ایوی ایشن ونگ کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور اس ونگ کو عوامی فلاح کے لیے ایک موثر ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے ینگ پائلٹس ٹریننگ پروگرام کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا، جس سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایوی ایشن ونگ کے ذریعے نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں فوری ردعمل دینے کی صلاحیت فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے اس بات پر زور دیا کہ اس پروگرام کے تحت مقامی سطح پر ہوا بازی کے ماہرین تیار کیے جائیں گے جو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔اجلاس میں اس بات کا بھی عزم کیا گیا کہ ایوی ایشن ونگ کو جدید خطوط پر استوار کر کے اسے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک ماڈل ایوی ایشن ونگ کے طور پر تیار کیا جائے گا، جو وی آئی پی موومنٹ کے علاوہ ریسکیو سروسز اور عوامی فلاحی منصوبوں میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت بلوچستان ایوی ایشن ونگ کا جائزہ اجلاس
5